پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آپ چل کر آئیں، ان کی داد رسی کریں، یہ لاشیں رکھ کر آپ کے منتظر ہیں، عمران خان صاحب ان کی لاشیں اور تکالیف سے کیا آپ کی انا بڑی ہے؟، ریاست کی ذمہ داری ہے اپنا حق ادا کرے۔
مریم نواز نے کو ئٹہ میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک بچےکی لاش ہے، جو فیس جمع کرنے کان میں کام کرنے گیا تھا، انہیں روزگار کمانے کی آزادی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس تکلیف کا احساس نہیں کرسکتے، جو آپ پر گزری ہے، ایک وہ شہید بھی ہے جس کے خاندان میں کوئی مرد نہیں رہا، یہ بچی کسی بےحس کو پکار رہی تھی کہ آپ نہیں آئے تو والد کو نہیں دفناؤں گی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ آپ کے پیارے آپ سے چھینے گئے، آپ پر جو قیامت ٹوٹی اس پر دلی تعزیت کرتی ہوں، پانچ دن سےدیکھ رہے ہیں، آپ کی تکلیف کا احساس ہے، جس پر گزرتی ہے وہی جانتا ہے، پوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ بےحسی، ناکامی کو آپ سیاست کہہ کر ٹال دیں یہ ہونے نہیں دیں گے، آپ کو یہاں آنا پڑے گا، یہ آپ سے کوئی بڑی چیز نہیں مانگ رہے، آپ تنقیدکے ڈر سے نہیں آرہے، کوئی بات نہیں تھوڑی تنقید سن لیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کا فرض ہے ان کے غم میں شریک ہوں، ان کا دکھ بانٹیں، اقتدار کی کرسی پر بیٹھے شخص کی بےحسی پر بےحد افسوس ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ میں حکومت میں نہیں آپ کیلئے سوائے آواز اٹھانے کے کچھ نہیں کرسکتی، میں ایک ماں ہوں، بیٹی ہوں مجھے آپ کی تکلیف کا احساس ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ حکمراں نہیں آتا تو سن لے قوم اسے کرسی پر بیٹھنے کی اجازت نہیں دے گی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان سے کہتی ہوں آپ باپ ہیں، بہنوں کے بھائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، اس ماں نے حق ادا نہیں کیا، آپ ذمہ داری میں ناکام ہیں، یہ حادثہ پھر سے پیش آگیا ہے۔