• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سونو سود کیخلاف بغیر اجازت رہائشی عمارت کو ہوٹل میں تبدیل کرنے پر مقدمہ درج

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکار سونو سود نے سال 2020میں کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن کے دوران جو عوامی خدمات انجام دیں اُنہیں ہر جگہ سراہا گیا لیکن سال 2021کی شروعات اُن کے لیے کچھ اچھی ثابت نہیں ہوئی۔نئے سال کے آغاز پر ہی اُن کے خلاف ممبئی میں ایک مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے جس نے سونو سود کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔اداکار کے خلاف بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے تھانے میں شکایت دائر کی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بی ایم سی کا کہنا ہے کہ سونو سود نے ادارے سے اجازت لیے بغیر اپنی رہائشی عمارت کو ہوٹل میں تبدیل کیا ہے۔سونو کی چھ منزلہ عمارت ممبئی کے سیاحتی مقام جوہو میں واقع ہے۔اداکار نے متعلقہ ادارے سے اجازت لیے بغیر اپنی ذاتی ملکیت کو ہوٹل میں تبدیل کرنے کے الزامات کی تردید کی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے سے باقاعدہ اجازت کے بعد عمارت کو ہوٹل میں تبدیل کیا گیا ہے جب کہ وہ مہاراشٹر کوسٹل زون مینجمنٹ اتھارٹی سے بھی کلیئرنس کے منتظر تھے۔ پولیس شکایت پر اپنے ردِ عمل میں سونو سود کا کہنا ہے کہ وہ قانون کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں۔ اُن کی ایک درخواست مہاراشٹر کوسٹل زون مینیجمنٹ اتھارٹی کے سامنے زیرِ غور ہے اور کرونا وائرس کی وجہ سے اُنہیں اب تک اجازت نہیں ملی۔سونو کا کہنا ہے کہ اگر متعلقہ ادارے سے اُنہیں اجازت نہ ملی تو وہ اپنے ہوٹل کو دوبارہ رہائشی عمارت میں تبدیل کر دیں گے۔بالی وڈ اداکار کا مزید کہنا تھا کہ وہ بی ایم سی کی جانب سے دائر کردہ کیس کے خلاف ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔

تازہ ترین