لاہور (اے پی پی، این این آئی)لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور انکے صاحبزادے حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت 16 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب گواہان کو بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے دوبارہ طلب کرلیا۔ جج امجد نذیر چوہدری نے کیس کی سماعت کی۔ جمعرات کے روز عدالتی سماعت پرحمزہ شہباز کو طبیعت خرابی کی وجہ سے جیل حکام کی جانب سے پیش نہ کیا جا سکا۔ عدالت کو جیل ڈاکٹر نے بتایا کہ حمزہ شہباز ٹھیک طریقے سے چل نہیں پا رہے انکی ٹانگوں میں درد ہے۔ فاضل جج نے نامکمل رپورٹ پیش کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیا کہ آپ نے درخواست میں صرف ٹانگ کا درد لکھا ہے کیا حمزہ شہباز جیل اسپتال میں داخل ہیں اور کیا وہ چلنے کے قابل نہیں ہیں۔ جیل ڈاکٹر نے بتایا کہ حمزہ شہباز جیل اسپتال میں نہیں اپنے سیل میں ہیں۔