اسلام آباد ہائیکورٹ نے چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث ملزم کی ضمانت مسترد کردی، جبکہ سوشل میڈیا پر بچوں کی فحش ویڈیوز کی تشہیر کرنے والا نیٹ ورک بھی بے نقاب ہوگیا۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ملزم عرفان سرور کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست مسترد کی۔
وزارت انسانی حقوق نےعدالتی حکم پر تحریری جواب عدالت میں جمع کروایا۔
رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے حکام نے فیس بک اور واٹس ایپ پر فحش مواد کی تشہیر کرنے والے گروپس کو رپورٹ کیا۔
مبینہ گروپس بچوں کی فحش وڈیوز وائرل کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے تھے۔
ملزم کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ میرے موکل کو بدنیتی سے اس کیس میں ملوث کیا جا رہا ہے اور اس سےکوئی برآمدگی بھی نہیں ہوئی۔
وکیل نے کہا کہ ملزم سے پولیس تفتیش مکمل ہوچکی ہے، مزید حراست میں رکھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم کے خلاف جرم ثابت کرنے کے لیے کافی مواد موجود ہے، ضمانت مسترد کی جائے۔