ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود کی زیر صدارت پی ایچ اے کارکردگی، گزارشات بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے واٹر ورکس روڈ پر گرین بیلٹس پر تعمیر کمروں کی ملکیت بارے کمیٹی تشکیل دیدی جس میں میونسپل افسر ریگولیشن میٹروپولیٹن کارپوریشن، ضلعی افسر سپورٹس، ڈائیریکٹر اسٹیٹ ایم ڈی اے، ڈائریکٹر ایڈمن پی ایچ اے شامل ہیں۔کمیٹی کمروں پر تفصیلی رپورٹ 13 جنوری تک کمشنر آفس جمع کروائے گی۔ واضح رہے کہ پی ایچ اے نے واٹر ورکس روڈ پر گرین بیلٹس پر موجود کمروں، اور ملتان کے بلند سیاحتی مقام دمدمہ کی حوالگی بارے درخواست جمع کروائی تھی۔کمشنر جاوید اختر محمود نے ضلع ملتان کی تمام ترقیاتی سکیموں کا 1 فیصد بجٹ پی ایچ اے کو دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ 1 فیصد ترقیاتی فنڈر کی فراہمی پی ایچ اے کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں چئیرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ بھی موجود تھے۔قبل از ایں کمشنر جاوید اختر محمود کی زیر صدارت میٹروپولیٹن کارپوریشن کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں برتھ ،ڈیٹھ سرٹیفکیٹ تسلسل سے جاری نہ ہونے پر کمشنر ملتان و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔