لاہور(خصوصی نمائندہ)مسلم لیگ ن نے پی ڈی ایم کی27 جنوری کو ساہیوال میں ہونیوالی ریلی کی تیاریاں شروع کر دیں۔پارٹی قیادت نے ریلی کو کامیاب بنانے کیلئے منتخب لیگی ارکان اسمبلی اور عہدیداران کوٹاسک سونپ دئیے۔لیگی رہنما ملک ندیم کامران نے بتایا کہ پی ڈی ایم قائدین کے استقبال کیلئے ساہیوال کے عوام میں بھرپور جوش و خروش پایاجاتا ہے، ساہیوال آمد پر قائدین کا بھرپور اور تاریخی استقبال ہوگا۔انہوںنے کہا کہ ساہیوال ڈویژن ہمیشہ نواز شریف کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ ساہیوال ریلی اپنی مثال آپ ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ ریلی پاکپتن چوک سے شہر میں داخل ہو گی جہاں سے ہوتی ہوئی فرنیچر مارکیٹ ، دائود چوک پہنچے گی اور اس کے بعد مزدور والی پلی پر قائدین کے خطابات ہوں گے،اس کے علاوہ بھی متبادل پلان بھی زیرغور ہے۔