• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں بجلی کی بتدریج بحالی جاری


ملک گیر بہت بڑے بریک ڈاؤن کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی بحالی بتدریج جاری ہے، تاہم کراچی، حیدرآباد، پشاور سمیت کئی علاقوں میں بجلی اب تک مکمل طور پر بحال نہیں کی جا سکی ہے۔

ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق بجلی کی بحالی کا عمل جاری ہے، ملک میں 500 اور 220 کے وی گرڈ اسٹیشنز سے بجلی بحال کی گئی ہے۔

کراچی، اسلام آباد، پشاور، لاہور، جہلم، گجرات، سرگودھا، سیالکوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخو پورہ، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان کے علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

ملک بھر میں رات گئے بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا تھا، مختلف شہروں میں 12 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بجلی بحال نہیں ہو سکی۔

پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق ابتدائی رپورٹ کے مطابق گدو میں 11 بج کر 41 منٹ پر فالٹ ہوا، ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرنے سے سسٹم فریکوئنسی 50 سے 0 ہوئی، فریکوئنسی کے گرنے کی وجہ سے پاور پلانٹس بند ہوئے۔

این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق بجلی کے بریک ڈاؤن کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

ملک بھر کی طرح کراچی میں بجلی کی فراہمی معطل ہے، تاہم کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کے چند ایک علاقوں میں بجلی کی بحالی کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی کےمختلف علاقوں میں بجلی کی جزوی بحالی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں مرحلہ وار بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، ناظم آباد، جیکب لائن، گارڈن ایسٹ، ڈیفنس شارع فیصل، پی ای سی ایچ سوسائٹی، شاہ فیصل کالونی، بلوچ کالونی، فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس، بلدیہ ٹاؤن، ولیکا، ایئرپورٹ، نیا ناظم آباد، سائٹ ایریا، اورنگی ٹاؤن، گلستانِ جوہر کے مختلف علاقوں، لانڈھی، ملیر اور کورنگی کے سیکٹرز میں بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ تیکنیکی ٹیمز بجلی کی جلد مکمل بحالی کے لیے کوشاں ہیں، اب تک اولڈ سٹی ایریا، صدر، لیاری، کلفٹن، بہادر آباد، دھوراجی، طارق روڈ، پی آئی بی کالونی میں بجلی بحال نہیں کی جاسکی ہے۔

اس کے علاوہ کے ڈی اے اسکیم ون ،کارساز ، بہادر آباد، محمود آباد، ملیر کینٹ گلستانِ جوہر اسکیم 33، نیو کراچی کے مختلف سیکٹرز اور نارتھ ناظم آباد کے کئی بلاکس میں بجلی بحال نہیں ہوسکی ہے۔

بجلی کے بریک ڈاؤن سے لاہور بھی بری طرح متاثر ہوا، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔

رات بند ہونے والی بجلی کی بحالی کا عمل صبح 9 بجے کے قریب شروع ہوا، اسپتالوں اور دیگر اہم اداروں میں جنریٹر کی مدد سے بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔

لیسکو کے ترجمان بجلی کی مرحلہ وار بحالی کا عمل جاری ہے، جوہر ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، کالج روڈ، گارڈن ٹاؤن ، شادمان، گڑھی شاہو، دھرم پورہ، جی او آر، اپر مال کے علاقوں میں بجلی جزوی بحال ہوئی ہے۔

لاہور کے میؤاسپتال اور سروسز اسپتال میں بھی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

گیپکو کے ایکسیئن کے مطابق کامونکی گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی سپلائی بحال کر دی گئی، 9 گھنٹے بعد شہر اور گرد و نواح میں بجلی کی فراہمی بحال ہوئی ہے۔

فیصل آبادسمیت فیسکو ریجن کے دیگر اضلاع میں بجلی کی بحالی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور اب تک 11 گرڈ اسٹیشنز سے بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

پشاور سمیت خیبر پختون خوا کے کئی علاقوں میں بجلی مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی ہے۔

پشاور کے بعض علاقوں میں بجلی کی جزوی بحالی شروع ہوگئی ہے، چند علاقوں میں ابھی تک بجلی بحال نہیں ہو سکی ہے۔

ترجمان پیسکو شوکت افضل کا کہنا ہے مختلف گرڈز پر مرحلہ وار بجلی کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے، بعض علاقوں میں بجلی کی جزوی بحال شروع ہونے لگی ہے۔

پشاور میں دلہ زاک روڈ، ورسک روڈ، باڑہ روڈ، چارسدہ روڈ اور اندرونِ شہر تاحال بجلی معطل ہے۔

ترجمان پیسکو شوکت افضل بجلی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے، اس وقت تک تقریباً 36 فیصد گرڈز سے بجلی بحال کر دی گئی ہے، صوبے کے مختلف گرڈز کی بحالی مرحلہ وار کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین