پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہا کہ الیکشن کمیشن 19 جنوری سے پہلے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کرے، پانامہ کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوسکتی ہے تو فارن فنڈنگ کی کیوں نہیں؟
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ اکاؤنٹس کے معاملے کا فیصلہ کیوں نہیں کرتا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم کا احتجاجی مظاہرہ ہے، 2014 سے 2021 تک الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں کر رہا۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف نے سسٹم میں 14ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی ، گرمیوں میں انہوں نے ہی 25 ہزار میگاواٹ بجلی عوام تک پہنچائی، یہ سردیوں میں نہیں پہنچاسکے؟۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ نالائق، کرپٹ حکمران کہتے ہیں نواز شریف کی غلطی تھی، ڈھائی سال سے ہر شعبے میں بریک ڈاؤن چلا آرہا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ وزیراعظم خود کہتا ہے اس کی تیاری نہیں تھی، عمران خان کوئٹہ جا کر کہتے ہیں این آر او نہیں دوں گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مینڈیٹ جعلی ہے جو آر ٹی ایس کو بٹھا کر دیا گیا، نیب نیازی گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے۔