وفاقی حکومت نے وزارتوں کی پرفارمنس جانچنے کے لیے ڈیجیٹل پورٹل کا افتتاح کردیا ہے۔
نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے اشتراک سے ڈیجیٹل پورٹل قائم کیا۔
افتتاحی تقریب سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن شہزاد ارباب نے خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ پرفارمنس ایگریمنٹ کو ہم نے پچھلے سال 11 وزارتوں میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد تمام 40 وزارتوں میں پورٹل متعارف کروانے کا کہا ہے۔
شہزاد ارباب کے مطابق حکومت کا کام لوگوں کی زندگی میں بہتری لانا ہے، پرفارمنس ایگریمنٹ ایک ٹول کی طرح کام کرے گا، تمام سیکرٹری اور بیوروکریسی اس میں شامل ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر ایک وزارت کا ٹارگٹ پورٹل میں ڈالا گیا ہے، وزارتوں کو پتا ہوگا کہ کس وزارت نے کتنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ہمارا ذہن سرکاری افسران کا نہیں بلکہ لوگوں کے فائدے کا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ پرفارمنس اگریمنٹ پر ایک سال سے زیادہ عرصے سے کام کررہے ہیں، ٹیکنالوجی کے ذریعے تمام کام کرنا نہایت آسان ہوگیا ہے۔