• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہسپانوی صوبے کاتالونیا میں پارلیمنٹ الیکشن کے لیے پاکستانی شہری کی نامزدگی

اسپین کے صوبہ کاتالونیا کے صوبائی الیکشن 14 فروری کو منعقد ہوں گے۔ کاتالونیا پارلیمنٹ میں سب سے زیادہ سیٹیں رکھنے والی جماعت ”سیوتادانس“ نے پاکستانی نژاد علی رشید بٹ کو اپنا اُمیدوار نامزد کر دیا ہے۔

سیوتادانس اس وقت کاتالونیا پارلیمنٹ میں 36 سیٹوں کے ساتھ سر فہرست ہے، 2006میں معرض وجود میں آنے والی یہ جماعت سوشل میڈیا سے شروع ہوئی، جہاں چند پڑھے لکھے نوجوانوں نے کاتالونیا میں دو جماعتوں سوشلسٹ اور پارٹی پاپولر کو بار بار الیکشن جیتنے اور عوامی توقعات پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے نئی جماعت کا اعلان کیا۔

اس جماعت نے چند سالوں میں کامیابی حاصل کی اور صوبے کی سر فہرست جماعت بن گئی۔ گذشتہ صوبائی الیکشن 2017 میں ہوئے تھے جن میں سیوتادانس نے جہاں سب سے زیادہ سیٹیں لیں وہاں انہوں نے ایک ملین ایک لاکھ ووٹ لے کر بھی پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی صدر ”کارلوس کاریسوسا“ نے کہا کہ ہم نے پاکستانیوں کو جفا کش اور محنتی قوم کے طور پر جانا ہے، کاتالونیا میں اس قوم کی بڑھتی تعداد نے ہمیں مائل کیا کہ ہم ان میں سے کسی کو پارلیمنٹ کی نمائندگی دیں، لہٰذا ہم نے علی رشید بٹ کو نامزد کر دیا۔

اس موقع پر علی رشید بٹ نے بتایا کہ صوبائی پارلیمنٹ کے انتخابات میں بات ہار یا جیت کی نہیں ہے بلکہ پاکستانی قوم کے وجود کو تسلیم کیا جانا ہماری اصل جیت ہے۔


انہوں نے کہا کہ کاتالونیا میں پاکستانیوں کی کل تعداد کا 70 فیصد حصہ مقیم ہے اور یہاں مجھ سمیت کسی بھی پاکستانی کا صوبائی پارلیمنٹ میں نامزد ہونا اور جیت کر پارلیمنٹ میں جانا پورے پاکستان کے لئے فخر کی بات ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ میرا نامزد ہونا پاکستانی قوم کا نامزد ہونا ہے، میری کوشش ہو گی کہ پاکستانیوں کے حقوق کی آواز کو توانا اور مضبوط طریقے سے صوبائی ایوانوں تک پہنچا سکوں جس کے لئے ہسپانوی باشندوں کے ساتھ ساتھ مجھے اپنے ہم وطنوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔

دوسری طرف اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے سیوتا دانس پارٹی کے علی رشید بٹ کو نامزد کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

تازہ ترین