ملاکنڈ (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ملک میں غیراعلانیہ مارشل لاء ہے، قوم اب اسلام آباد کے بجائے راولپنڈی کا رخ کرے،یہ عوامی سیلاب نااہل حکمرانوں کو بہا کر لے جائیگا، فوج ایک ادارہ ہے ہم اس کا احترام کرتے ہیں اور اسے ریاست کیلئے ناگزیر سمجھتے ہیں۔
فوج سے ہزار اختلاف کے باوجود اسے وضاحت کرنا ہوگی کہ وہ غیر جانبدار ہے یا وہ عمران کے حق میں فریق ہے اگر وہ فریق ہے تو ہمارا حق بنتا ہے کہ جی ایچ کیو کے دروازے پر جا کر احتجاج ریکارڈ کرائیں جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کٹھ پتلی راج کا خاتمہ کر کے جمہوریت بحال کرینگے، ملاکنڈ کے جلسوں کی ایک ہی آواز ووٹ کی چوری کو نہیں مانتے، جب عوام وزيراعظم کا فیصلہ کریں گےتو پھرمستقبل روشن ہوگا۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ نیب کو سیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال کیا جارہا ہے، ہماری تحریک کا مقصد وزیراعظم عمران خان کو ہٹانا نہیں ،ووٹ کو عزت دینا ہے۔
مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام نے کہا کہ عوام نے دہشت گردوں کیخلاف لڑ کر پاکستان کا جھنڈا لہرایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاکنڈ میں بٹہ خیلہ کے مقام پر پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جلسے سے پختونخواہ عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر امیرمقام، اے این پی کے مرکزی رہنما میاں افتخار حسین، قو می وطن پارٹی کے رہنما ہاشم خان اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ک عوام کی نمائندگی پر مشتمل پارلیمنٹ لا کر رہیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے پی ڈی ایم کو چائے پلانے کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہاکہ ہمیں چائے پانی پلانے والے خود پیزا کھائیں یہ زیادتی ہے مہمان داری نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا قوم ان حکمرانوں سے اپنا حق واپس لے گی، ناجائز حکمرانوں سے واسطہ ہے جس نے و وٹ چوری کیا ہے، آج ملک میں جمہوریت نہیں اس حکومت نے قوم کی حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے، ملک کی معیشت بی آر ٹی کی طرح تباہ ہوگئی ہے۔
حکمرانوں نے کرپشن کے دروازے کھول رکھے ہیں، نیب کویہ نظر نہیں آتا، بنی گالہ کو قانونی بنایا جارہاہے، ایسے حکمرانوں کو سہارا دینا بڑاجرم ہے، فارن فنڈنگ کیس کیوں لٹکایا گیا ،دوائیوں کی قیمتوں میں 400 فیصد اضافہ ہوگیا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا ہے کہ آئین اور صوبوں کے حقوق کیخلاف سازشیں ہورہی ہیں، عوام کو جھوٹ بولا کہ شہیدوں کے خاندان سے ملنے گیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم 19جنوری کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کریگی۔ 21جنوری کو کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالیں گے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ اس سے پہلے عوام تمہارے اقتدار کی کشتی غرق کردیں چند دن باقی ہیں خود استعفیٰ دیکر چلے جائو آج اسلام آباد میں بھی امن نہیں رہا حکومت میں لاقانیت اتنی بڑ ھ گئی ہے کہ دن کی روشنی میں نوجوان لڑکے پر گولیا ں بر سا دی گئیں۔
غدار وہ ہے جنہوں نے دھاندلی کی ہم خون کی سیاست نہیں مانتے لیکن ہم آپکو ذ مہ داری کا احساس دلانا چاہتے ہیں قوم اپنی امانت واپس لینے کا حق رکھتی ہےآئین اور صوبوں کے حقوق کے خلاف سازشیں ہورہی ہے نالائق اور ناجائز حکومت کا خاتمہ کرنگے ملک میں جو بدحالی ہے اس کا حساب کون دیگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام جانتے ہیں کہ یہ حکمران صرف جھوٹ بولتے ہیں، نئے پاکستان میں جینا مہنگا، عوام کا خون سستا ہے۔ عمران خان نے سانحہ مچ کے متاثرین کو بلیک میلر قرار دیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے جس جمہوریت کیلئے کوڑے کھائے یہ وہ جمہوریت نہیں، آج سیاست، صحافت اور عوام آزاد نہیں ہیں۔ ہم ملکر اس کٹھ پتلی کو بھگائیں گے۔
انہوں نے وزیراعظم کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے لوگوں کو بے روزگار کر دیا گیا۔ چیخ، چیخ کر کہتا تھا کہ 90 دن میں کرپشن کا خاتمہ کر دوں گا لیکن عوام آج تاریخی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ یہ عمران خان کا نیا پاکستان ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس وقت پورے پاکستان میں بلیک آؤٹ ہے، مگر انکے پاس جواب نہیں ہے۔ ادویات، بجلی، گیس، آٹا، چینی مہنگی جبکہ گروتھ ریٹ منفی ہو چکا ہے۔
سلیکٹڈ کو عوام پر مسلط کیا گیا جسے معیشت چلانے کا پتا ہی نہیں، نااہل حکومت کی وجہ سے معیشت تباہ ہو چکی، عمران خان نے ثابت کر دیا نیا پاکستان میں جینا مہنگا مگر عوام کا خون سستا ہے، ہمیں عوام کو انصاف دلوانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے شہداء کی لاشوں کے ساتھ احتجاج کرنے والے سانحہ مچ کے لواحقین کو عمران خان بلیک میلر قرار دیا، وہ لواحقین کے پاس نہیں گئے بلکہ بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پاس بلایا۔
ملاکنڈ کے عوام نے فوج کے ساتھ کھڑے ہوکر دہشت گردوں کو شکست دی، ہمیں یادہے کون آپکے ساتھ کھڑے تھے اورکون دہشت گردوں کے ساتھ تھے، عمران خان نے مچ متاثرین کو بلیک میلر کہا یہ کس قسم کا انصاف ہے ۔
اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے مرکزی رہنما محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں پوری قوم کیلئے جدوجہد کررہی ہیں، پاکستان عالمی سطح پر تنہا ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایمانداری سے بات کرنے والوں کیخلاف کیسز بنتے ہیں، ہمیں جمہوریت اور ووٹ کی قدر کرنی چاہیے۔