• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کی وزراء کو کام پر توجہ دینے اور انہیں میڈیا پر پیش کرنے کی ہدایت


وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے کام پر توجہ دیں اور اُسے میڈیا پر پیش کریں۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت کے ڈھائی سال گزر چکے ہیں، وزیروں کو عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ وزراء اپنے کام پر توجہ دیں اور اُسے میڈیا پر درست انداز میں پیش کریں۔


دوران اجلاس مچھ واقعے، اسامہ قتل کیس، براڈ شیٹ معاملے اور بجلی کے طویل بریک ڈاؤن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے نوجوان اسامہ ستی کے قتل کے واقعے کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ اس کیس کو انصاف کے لحاظ سے مثالی بنائیں گے۔

انہوں نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو اسامہ ستی قتل کا معاملہ دیکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس نوجوان کے قتل کیس کی شفاف انکوائری ہوگی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں براڈ شیٹ معاملے پر وزراء کو حقائق قوم کے سامنے رکھنے کی ہدایت کی اور وزیر اطلاعات کو اس معاملے پر حقائق بتانے کا ٹاسک دیا۔

انہوں نے وزیر اطلاعات شبلی فراز سے کہا کہ قوم کو بتائیں کہ براڈ شیٹ کو ان لوگوں نے کیسے خریدنے کی کوشش کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر توانائی عمر ایوب نے بجلی کےملک گیر بریک ڈاؤن پر تفصیلی بریفنگ دی اور ابتدائی رپورٹ کابینہ اجلاس میں پیش کردی۔

اس پر عمران خان نے کہا کہ بجلی بریک ڈاؤن کے بارے میں مختلف باتیں زیر گردش ہیں، اس بارے میں قوم کو حقائق بتائیں اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا جائے۔

کابینہ اجلاس میں سانحہ مچھ پر بھی بریفنگ دی گئی، اس پر وزیراعظم نے کہاکہ وفاق نے 3 وزراء کوئٹہ بھیجے جبکہ پی ڈی ایم نے مچھ واقعے پر سیاست کی جو افسوسناک ہے۔

تازہ ترین