• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

براڈ شیٹ سے نواز شریف کا نام نکلوانے کیلئے رابطہ کیا گیا، شبلی فراز


وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ سے نواز شریف کا نام نکلوانے کے لیے رابطہ کیا گیا۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف کے کزن نے براڈ شیٹ کو اپروچ کیا اور کہا کہ نوازشریف کا نام نکال دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ نے نواز شریف کا نام فہرست سے نکالنے سے انکار کردیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہاکہ اثاثہ جات کا کھوج لگانے والی فرم براڈ شیٹ کے سربراہ کےانٹرویو کےبعد ایک کمیٹی بنائی ہے۔


ان کا کہنا تھاکہ کمیٹی چند دن میں اس سے متعلق مزید حقائق سامنے لائے گی اور قوم کو بتایا جائے گا کہ ان لوگوں نے کس طرح ملک کے اثاثے لوٹے ۔

شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ کابینہ نے آڈیٹر جنرل پاکستان (اے جی پی) کے اختیارات سے متعلق بل کی منظوری دے دی ہے، اے جی پی کا دائرہ کار بڑھایا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے خلاف کوئی بھی نہیں ہے، اس ترمیم کے بعد وزارتیں صوبوں کو منتقل کی گئیں، بس اس میں کچھ نقائص موجود ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ملازمین کا حجم 18ویں ترمیم کے بعد کم ہونے کے بجائے بڑھ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ آج کابینہ اجلاس میں 18 نکاتی ایجنڈے پر بات ہوئی ،جس کے علاوہ اضافی ایجنڈا آئٹم بھی میٹنگ میں شامل کیے گئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ دوران اجلاس اداروں میں اصلاحات پر بات ہوئی، پرانے نظام سے شفافیت اور احتساب کمپرومائز ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم 445 اداروں کو 341 پر لے آئے ہیں، بعض ادارے ضم اور بعض ختم کر دیے گئے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ اسمگل ہوکر آنے والے پٹرول کے معیار کا کچھ پتا نہیں ہوتا، اس اسمگلنگ سے قومی خزانے کو 180 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسمگل شدہ پٹرول بیچنے والے 192 پٹرول پمپس کو سیل کردیا گیا ہے، باقی کےخلاف آج سے کارروائی شروع کردی ہے۔

اس سے قبل کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے براڈ شیٹ کے معاملے پر قوم کو حقائق بتانے کا ٹاسک شبلی فراز کے سپرد کیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو بتائیں کہ براڈ شیٹ کو ان لوگوں نے کیسے خریدنے کی کوشش کی۔

تازہ ترین