پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سے منسلک نجی ادارے کے ملازمین کی ہڑتال کے باعث بس سروس اسٹیشنز پر سروس معطل ہوگئی جس سے مسافر پریشان ہوگئے۔
بتایا جارہا ہے کہ تنخواہوں میں کٹوتی کے باعث ملازمین ہڑتال پر چلے گئے۔
اس حوالے سے ملازمین کا کہنا تھا کہ ہماری تنخواہوں سے 5 ہزار سے لے کر 10 ہزار روپے کٹوتی کی گئی ہے۔
دوسری جانب ترجمان ٹرانس پشاور عمیر خان نے بتایا کہ ہڑتال کرنے والے نجی کمپنی کے ملازمین ہیں، جنھوں نے ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی کا نجی کمپنی کے معاملات سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں، ہڑتال پر نجی کمپنی کے خلاف کنٹریکٹ کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
عمیر خان نے بتایا کہ بی آر ٹی سروس شہریوں کے لیے بالکل بحال ہے۔