کراچی (سید محمد عسکری) وائس چانسلرز کے تقرر کے لئے قائم تلاش کمیٹی نے حیدرآباد کی پہلی سرکاری جامعہ گورنمنٹ کالج حیدرآباد یونیورسٹی کے پہلے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے 33؍ امیدواروں میں سے 17 ؍ امیدواروں پر اتفاق کرتے ہوئے انہیں وائس چانسلر کی دوڑ میں شامل کرلیا ہے جبکہ 16امیدواروں کو غیر موزوں قرار دیدیا گیا ہے جن میں موجودہ قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر ناصرالدین شیخ بھی شامل ہیں انھیں تحقیقی پرچے کم ہونے کے باعث انٹرویو کے لیے نہیں بلایا جائے گا۔
تلاش کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں تعلیمی امور کا تجربہ رکھنے والے سینئر بیوروکریٹ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری بورڈز و جامعات علم الدین بلو نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں جن ؍17 امیدواروں کو انٹرویوز لیے اہل قرار دیا گیا ان میں جامعہ سندھ کے موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت، انٹر بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین، ڈاکٹر طیبہ ظریف، ڈاکٹر ابراہیم کیریو، ڈاکٹر حسین بخش مری، ڈاکٹرﷲ بخش گھونگرو، ڈاکٹر غلام سرور مرکھنڈ، ڈاکٹر صغیر احمد شیخ ،ڈاکٹر اسد ﷲ شاہ، ڈاکٹر عبدﷲ ، ڈاکٹر عنایت ﷲ شاہ، ڈاکٹر رزاق مہر، ڈاکٹر نبی بخش جمانی، ڈاکٹر پروین منشی، ڈاکٹر صدیق محمد کلہوڑو، ڈاکٹر حفیظ الرحمان میمن اور ڈاکٹر عنایت علی شاہ شامل ہیں۔
تلاش کمیٹی کے ذرائع کے مطابق امیدواروں کے انٹرویوز آئندہ ہفتےسے شروع ہوں گے۔
تلاش کمیٹی کے ایک رکن کے مطابق سندھ یونیورسٹی کے موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر ڈاکٹر فتح برفت کو انٹرویو کے لئے تو بلالیا گیا ہے مگر صوبے کی ایک طاقت ور شخصیت کی ناراضی کے باعث ان کا نام تین امیدواروں کی حتمی فہرست میں شامل نہیں کیا جائے گا جس طرح حال ہی میں سندھ یونیورسٹی کے لیے کیا گیا تھا جہاں وائس چانسلر ہوتے ہوئے بھی ان کا نام تین امیدواروں کے پینل میں شامل نہیں کیا گیا۔