ڈیرہ غازی خان (نمائندہ جنگ) واپڈا نے واجبات کی عدم ادائیگی پر ٹی ایم اے کی واٹر سپلائی سکیموں کے کنکشن ایک بار پھر منقطع کر دیئے ، تفصیلات کے مطابق واپڈا نے ٹی ایم اے کی طرف سے واجبات کی عدم ادائیگی پر واٹر سپلائی سکیموں کے کنکشن منقطع کر دیئے جس کے باعث شہر میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی اور گرمی کے باعث پانی کی قلت کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، جبکہ فلٹریشن پلانٹس پر بھی عوام کا خاصا رش دیکھنے میں آیا ، اس سلسلہ میں رابطہ کرنے پر ٹی ایم اے کے واٹر سپلائی سکیم کے انچارج احمد حسن نے بتایا کہ ٹی ایم اے نے واجبات کے موجودہ بل 51لاکھ روپے کی ادائیگی کر دی ہے جس کے بعد واٹر سپلائی سکیموں کے کنکشن بحال کر دیئے گئے ہیں اور آج سے شہریوں کو پانی کی فراہمی شروع کر دی جائیگی ۔