ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان، براڈ شیٹ نے آپ کے مشیروں، نیب نیازی گٹھ جوڑ اور مشرف کا منہ کالا کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیلیکٹڈ وزیراعظم نے بیان کے ذریعےمیڈیا سیاسی مخالفین کو واسطہ دینے کی بات کی، سیلیکٹڈ نے کہا کہ آئیں مل کر براڈ شیٹ پر بات کرتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران ایسا نہیں ہوسکتا ایک آمرکی ملک کے خلاف سازش کواپنے این آر او کے لیے استعمال کریں، براڈ شیٹ نے ایک آمر ایک سلیکٹڈ کے خلاف چارج شیٹ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے چھ سو کروڑ روپے ایک نجی کمپنی کو دیے، آمر نے عوام کے پیسے جمہوریت کے خلاف استعمال کیے، آج نیب نیازی گٹھ جوڑ کی اسٹوری ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب کے دستاویزات میں تھا کہ اربوں کھربوں کی ریکوری ہوئی لیکن پرویز مشرف نے پچیس ملین ڈالر نہیں دیے کیونکہ ریکوری نہیں ہوئی تھی،جھوٹ بولا گیا تھا۔
اُن کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف ، پیپلز پارٹی، ن لیگ نے براد شیٹ کو پیسے نہیں دیے کیونکہ یہ جھوٹ تھا، شہزاد اکبر نے عمران خان کے حکم پر براڈ شیٹ کے ساتھ مذاکرات کیے، نیب اور براڈ شیٹ کے درمیان کوئی سرکاری معاہدہ نہیں ، یہ قانونی نہیں ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو ریکوری ہوئی، جس کا براڈ شیٹ دعویٰ کرتا ہے، وہ کس سرکاری خزانے میں جمع کرائی، وہ ریکوری نیب نیازی گٹھ جوڑ میں کی جارہی ہے، براڈ شیٹ نے کہا کہ شریف فیملی نے رابطہ نہیں کیا، نیب اور براڈ شیٹ کا کوئی معاہدہ نہیں تو شریف فیملی کیوں رابطہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مشرف نے نقصان پہنچایا ، اب عمران خان نے 450 کروڑ روپے دیے، کہا جا رہا ہے ہم ملک کا پیسہ آپ کو دیں گے، ہمیں کتنا کمیشن دیں گے۔ شہزاد اکبر کے مذاکرات کو پبلک کیا جائے، کتنا کمیشن لیا گیا، اس کی تحقیقات کی جائیں۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ این آر او عمران خان مانگ رہے ہیں، پاکستان کی تاریخ کی منی لانڈرنگ تو آج ہو رہی ہے، کرسی پر بیٹھ کر این آر او کی تلاش عمران خان کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم آپ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں۔