کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال نواز شریف نے اپنے خلاف تحقیقات رکوانے کیلئے رشوت کی پیشکش کی، سربراہ براڈ شیٹ، کیا بیان کے بعد نواز شریف کو سیاسی نقصان ہوگا؟ کا جواب دیتے ہوئے ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر مخالفین پر الزامات لگاتے ہیں لیکن دوسرے فریق کو دفاع کا حق نہیں دیتے،نواز شریف کے میڈیا پر بیان نشر کیے جانے پر پابندی لگی ہوئی دوسری طرف ان پر الزامات لگانے کی کھلی آزادی ہے، آج انہوں نے خواجہ آصف پر بھی بے پناہ الزامات لگائے جبکہ وہ جیل میں ہیں اور اپنا دفاع نہیں کرسکتے، براڈ شیٹ کے سی ای او کے بیان کی کوئی حیثیت نہیں ہے، براڈ شیٹ نیب کی کلائنٹ ہے اس سے حکومت جو مرضی چاہے بیان لے سکتی ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس خریدے گئے تو ان کی مجموعی مالیت پانچ سے چھ کروڑ روپے تھی، اسی سال شریف کمپنی نے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد ٹیکس دیا تھا، نواز شریف کی جو ظاہر شدہ دولت تھی وہ ایسے چار فلیٹ مزید خرید سکتے تھے۔