• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سشانت کی موت کا مذاق اڑانے پر کامیڈین کو معافی مانگنا پڑگئی

آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کا مذاق اڑانے والے اسٹینڈ اپ کامیڈین ڈینیل فرنینڈس کو مداحوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد معافی مانگنی پڑ گئی۔ 

بھارت کے معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین ڈینیل فرنینڈس نے اپنی پرفارمنس کے دوران سشانگھ سنگھ راجپوت کی موت پر سوشل میڈیا ٹرینڈز اور بھارتیوں کے رویوں کو مزاح کے انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ 

تاہم اپنے کامیڈی آئٹمز میں سشانت کی موت کا حوالہ دیتے ہوئے ان معاملات کو اٹھانا ڈینیل کو مہنگا پڑ گیا، جہاں سوشل میڈیا پر آنجہانی اداکار کے مداحوں نے الٹا کامیڈین پر تنقید کی بوچھاڑ کردی۔ 

جب سشانت سنگھ کے مداحوں نے ڈینیل کی ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر شیئر کی گئی ویڈیو کو رپورٹ کرنے کا مطالبہ کیا تو ڈینیل کی جانب سے ایک بیان سامنے آگیا جس میں انھوں نے حقائق سے متعلق غلطی کا اعتراف کیا، لیکن ساتھ میں اپنے بات کا دفاع بھی کیا۔ 

ڈینیل نے کہا کہ میری ایک ویڈیو جو سشانت سنگھ راجپوت کے مداحوں کے لیے ناگوار گزری، جس پر کئی لوگوں نے مجھ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا اور میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ بطور کامیڈین میری نیت ہوتی ہے کہ میں آپ لوگوں کو خوش کروں اور ہنساؤں، لیکن کبھی کبھار اس کوشش میں منفی ردِ عمل بھی سامنے آتا ہے۔ 

ڈینیل نے سشانت کی موت سے متعلق اپنے کامیڈی ڈائیلاگز پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں اور معافی مانگتا ہوں ان لوگوں سے جن کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ 

ساتھ میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ سشانت کی موت کو لے کر لوگوں کے رویوں سے متعلق کہی گئی اپنے بات پر میں ابھی بھی قائم ہوں۔

تازہ ترین