• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک مواخذہ ، صدر ٹرمپ کی برطرفی کا امکان نہیں، میعاد عہدہ پورا کرسکتے ہیں

نیویارک(عظیم ایم میاں)امریکی ایوان نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کیلئے تحریک برائے بحث کی منظوری کے باوجود ٹرمپ کی برطرفی کا امکان نہیں ، وہ معیاد عہدہ پورا کرسکتے ہیں۔ ایوان نمائندگان سے تحریک مواخذہ کی منظوری صدر پر الزامات عائد کرنے کی کارروائی ہے جس کا اگلا مرحلہ امریکی سینیٹ میں ان الزامات کے ساتھ صدر کے خلاف ٹرائل ہوگا اور پھرسینیٹ کی اکثریت اس ٹرائل کا فیصلہ کرے گی۔ بحران کی صورتحال پرنظررکھنے والو ں کا کہنا ہے کہ سینیٹر میج میکائل موجودہ سینیٹ کا اجلاس فوری بلانے کے حق میں نہیں اور ان کا کہنا ہے کہ نئے تشکیل شدہ سینیٹ میں ڈیموکریٹ اراکین کی اکثریت ہوگی اور اس سینیٹ کا اجلاس19جنوری کو ہوگا لہٰذا اس وقت اس تحریک مواخذہ پر غور کیا جائے اور موجودہ سینیٹ کااجلاس فوری بلانا غیر ضروری ہے۔ لہٰذا ایسا معلوم ہوتا ہے کہ 19جنوری سے قبل سینیٹ میں تحریک مواخذہ پر کارروائی ممکن نظر نہیں آتی۔ کارروائی مکمل نہ ہونے اور فیصلہ آنے تک صدر ٹرمپ اپنے عہدے پر فائز رہیں گے۔ ایوان نمائندگان میں اپنی حکمت عملی کے تحت ڈیموکریٹک اراکین نے صدرٹرمپ پرالزامات کے ساتھ صدر ٹرمپ کے خلاف تحریک مواخذہ کا مسودہ ایوان میں پیش کیا اور اس پر ووٹنگ کرائی گئی تو ڈیموکریٹک اراکین نے تحریک کی حمایت اورری پبلکن پارٹی کے اراکین نے پارٹی لائن اختیار کرتے ہوئے مکمل مخالفت کی اورایوان میںووٹنگ کے اعتبار سے مکمل اور واضح طورپرپارٹی لائن پر تقسیم نظرآیا۔ البتہ 13 اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ موجودہ صورتحال یہ ہے کہ آئینی بالادستی ، مضبوط جمہوری روایات کی حامل دنیا کی مضبوط امریکی جمہوریت ایک تاریخی بحران کا شکار ہے جہاں دونوں پارٹیوں کے پارلیمانی اراکین اپنے انتخابی حلقوں کے مفادات، اپنی اپنی پارٹی اور سیاسی جانبدار یوں کے مفادات میں امریکا کا نظام بھی کسی ایشیائی اورافریقی ملک کے سیاسی نظام کا منظر پیش کررہا ہے البتہ امریکا جلد ہی اس بحران سے نکل آئے گا البتہ اس کے اثرات طویل المیعاد اور کئی سال تک نظرآئیں گے۔

تازہ ترین