شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ رمشا خان نے اداکار علی عباس سے اپنے رشتے کی وضاحت کردی۔
اداکارہ رمشا خان آج کل نجی چینل پر نشر کیے جانے والے ڈرامہ سیریل ’گھسی پٹی محبت‘ میں مرکزی کردار ادا کررہی ہیں، ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں شہود علوی، وہاج علی، علی عباس، صبا حمید، ثنا عسکری، ثمینہ احمد و دیگر شامل ہیں۔
رمشا خان نے نجی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی اور میزبان کے مختلف سوالات کے جواب دیے، اداکارہ نے بتایا کہ ڈرامے میں وہاج علی، شہود علوی اور علی عباس کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا۔
میزبان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اداکارہ رمشا خان نے بتایا کہ علی عباس کو علی بھائی اس لیے کہتی ہوں کیونکہ وہ میرے کزن ہیں۔
شو کی میزبان نے سوال کیا کہ وہ اُن کے کیسے کزن ہیں؟ جس کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ علی عباس میرے فرسٹ کزن ہیں اور وہ میری سگی خالہ کے بیٹے ہیں۔
رمشا خان نے بتایا کہ بچپن میں مجھ سمیت سب بچے علی عباس سے بہت ڈرتے تھے، وہ مجھے اور میری چھوٹی بہن کو ڈراتے تھے اور کہتے تھے کہ یہاں پر بھوت ہے، اُس وقت علی بھائی کے ذہن میں یہ ہوتا تھا کہ یہ کراچی سے آئے ہیں ان کو ڈراتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ جب ڈرامے کے سیٹ پر علی عباس سے سامنا ہوا تو اندازہ ہوا کہ وہ بہت ہی خوش مزاج شخص ہیں لیکن وہاج علی کے ساتھ یہ میرا دوسرا ڈرامہ ہے وہ اور میں بہت اچھے دوست ہیں۔
شہود علوی سے متعلق انہوں نے کہا کہ سیٹ پر شہود بھائی خوب ہنساتے تھے ڈرامے کی شوٹنگ ہم نے ہنستے کھیلتے مکمل کی۔