• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی مبینہ فارن فنڈنگ کیس پر اسکروٹنی کمیٹی کا فیصلہ محفوظ


اسکروٹنی کمیٹی نے  پی ٹی آئی کی مبینہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر اور پی ٹی آئی کی فراہم کردہ دستاویزات کے درست ہونے یا نہ ہونے پر اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ کمیٹی فیصلہ 20 جنوری کو سنائے گی۔

پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ اسکروٹنی کمیٹی کے اجلاس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر اور پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور پیش ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اکبر ایس بابر نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی کو اصل دستاویزات امریکا کی ویب سائٹ سے حاصل کرکے دیں۔ پی ٹی آئی جعلی دستاویزات لائی ہے۔ اسکروٹنی کمیٹی فیصلہ کرے کہ امریکہ کی ویب سائٹ سے حاصل دستاویزات اصل ہیں یا پی ٹی آئی کی جعلی دستاویزات ؟۔

اکبر ایس بابر کی درخواست پر اسکروٹنی کمیٹی نے فیصلہ محفوظ کر لیا جو 20 جنوری کے اجلاس میں سنایا جائے گا۔

اکبر ایس بابر نے میڈیاسے بات چیت میں کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی کی تحقیقات جلد مکمل ہونے کی امید نہیں ہے۔


انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اسکروٹنی کمیٹی میں پہلی بار تحریری فارن فنڈنگ کا اعتراف کیا ہے، تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ کا ملبہ ایجنٹ پر ڈال دیا ہے۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ تحریک انصاف غیر قانونی فنڈنگ کی اسکروٹنی کے عمل پر اثر انداز ہورہی ہے، الیکشن کمیشن مصلحتوں کے باعث اپنا آئینی کردار ادا کرنے میں ناکام ہے۔

تازہ ترین