• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث بند کیئے گئے تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے یا نہیں اس سے متعلق فیصلہ آج کیا جائے گا۔

تعلیمی اداروں کو کھولنے کے لئے کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتِ حال کا جائزہ لینے کے سلسلے میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس جاری ہے۔


اجلاس میں کورونا وائرس کے ملک میں پھیلاؤ اور اسکول کھولنے سے متعلق صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس کے بعد وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود پریس کانفرنس میں یہ بتائیں گے کہ ملک بھر کے تعلیمی ادارے کھولے جا رہے ہیں یا نہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث کورونا کیسز اور اس سے اموات میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ہوا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر آگیا۔





پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 417 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 45 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 2 ہزار 72 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 863 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 14 ہزار 338 ہو چکی ہے۔




24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 40 ہزار 359 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 72 لاکھ 84 ہزار 9 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 34 ہزار 169 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 294 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 69 ہزار 306 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین