• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقا کی ٹیم خصوصی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے کراچی آئے گی

کورونا وائرس کی وجہ سے امارات کی ایئرلائنز نے جنوبی افریقا کے لیے اپنی پروازیں معطل کردی ہیں جس کی وجہ سے جنوبی افریقا کی ٹیم ہفتے کی صبح خصوصی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے جوہانسبرگ سے صبح چھ بجے قائد اعظم انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔

اس سے قبل مہمان ٹیم نے کمرشل فلائٹ سے کراچی پہنچنا تھا۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ خلیج کی ایئر لائن نے کورونا وائرس کی وجہ سے اپنی جنوبی افریقا کے لیے تمام پروازیں غیر معینہ مدت کے لیے معطل کردی ہیں۔

جس کے بعد پی سی بی نے ایئرلائن سے رابطہ کرکے ان سے چارٹرڈ فلائٹ چلانے کی درخواست کی۔ پی سی بی کی درخواست پر جہاز دبئی سے جوہانسبرگ جائے گا اور جنوبی افریقا ٹیم کو لے کر سیدھا کراچی پہنچے گا۔

مہمان ٹیم اپنے شیڈول سے پانچ گھنٹے پہلے کراچی پہنچ رہی ہے۔جنوبی افریقی ٹیم سولہ تاریخ کی صبح چھ بجے کراچی پہنچے گی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ چارٹرڈ طیارے کے اخراجات کرکٹ ساؤتھ افریقا برداشت کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ ساؤتھ افریقا کو چارٹرڈ طیارے کے حصول میں مدد کی جس پر کرکٹ ساؤتھ افریقا نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

میچ سے قبل کھلاڑیوں کو دو کوویڈ ٹیسٹ پاس کرنا ہوں گے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے چارٹرڈ فلائٹ اور طیارہ میں سوار تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پاکستان آنے کی اجازت دے دی ہے۔

تازہ ترین