سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری کہتی ہیں کہ حکومت کی طرف سے طیارے کے واجبات ادا نہ کرنا شرمناک ہے، ثابت ہو رہا ہے کہ نالائق وزیر اعظم ملک کے امور سے لاتعلق ہیں۔
شازیہ مری نے اپنے بیان میں کہا کہ ملائیشیا میں پی آئی اے کے طیارے کو تحویل میں لینے پر ملک کی بڑی بدنامی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے پہلے پائلٹوں کو رسوا کیا اور اب قومی ایئر لائن کو رسوا کر رہی ہے۔
شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ وزیر ہوا بازی مجرمانہ غفلت تسلیم کرکے مستعفی ہو جائیں، پی آئی اے کو تباہ اور بدنام کرکے اس کے اثاثوں کو ہتھیانے کی سازش ہو رہی ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ نالائق وزیر اعظم ہر سمت تباہی مچا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا بوئنگ 777 طیارہ کوالالمپور ایئر پورٹ پر مقامی حکام نے قبضہ میں لے لیا،پرواز پی کے 895 کراچی سے آج کوالالمپور پہنچی تھی۔
ذرائع کے مطابق طیارے کی لیز کے واجبات ادا نہ کرنے پرملائشیا میں پی آئی اے کاطیارہ قبضہ میں لیا گیا ہے،ایئر لائن نے 2015 ء میں بوئنگ 777 طیارہ ویتنام کی کمپنی سے لیز پر حاصل کیا تھا۔