امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان اور سینیٹر سراج الحق کہتے ہیں کہ وزیرِ اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ لوگ ٹیکس نہیں دیتے، جبکہ عام پاکستانی 41 اقسام کے ٹیکس دیتا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان اور سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی نے پاکستانیوں کی قوتِ خرید ختم کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسی وکالت آج بابر اعوان پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی کر رہے ہیں، ویسی ہی کل وہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی کرتے تھے۔
سراج الحق کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت ایشیاء میں مہنگائی میں نمبر ون پوزیشن پر ہے، آج ملک میں مہنگائی کی شرح 10 فیصد سے زائد ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کا یہ بھی کہنا ہے کہ 2 سال ہوگئے سوائے باتوں کے اس حکومت نے کچھ نہیں کیا، ہمارے ملک میں مسائل کا حل اسلامی نظام ہے۔