لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اداروں کو سیاست میں دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہے، اداروں کو سوچنے کی ضرورت ہے کہ وہ قوم کے ساتھ کھڑے ہیں یا کسی سیاسی جماعت کے ساتھ، واضح کرنا چاہتا ہوں کہ دوست نادان ہو تو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہوتی۔ کے پی کے میں بے روزگاری اور غربت عروج پر ہے، مریض اسپتالوں میں در بدر پھر رہے ہیں کوئی پرسان حال نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران کی میٹنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سیاستدانوں کو بھی بلاوجہ اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے سے گریز کرنا چاہیے۔ کورونا کے نام پر اربوں روپے کے فنڈز کا کوئی حساب کتاب نہیں۔اطلاعات کے مطابق اس فنڈ کو انتظامی امور چلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، پشاور مسائل کی آما جگاہ بن چکا ہے۔امیر جماعت نے کرک میں پولیو ورکرز کی سیکورٹی پر تعینات پولیس اہلکار کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا۔