• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملائیشیا کی عدالت نے موقف سنے بغیر کارروائی کی، غلام سرور

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور کہتے ہیں کہ پی آئی اے طیارے کی لیز نون لیگ کے دور میں ہوئی جو بہت مہنگی تھی، طیارہ تحویل میں لیے جانے سے متعلق کیس کا دفاع کریں گے، ملائیشیا کی عدالت نے پی آئی اے کا موقف سنے بغیر کارروائی کی ۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام سرور نے کہا کہ پی آئی اے کے ملائیشیا میں تحویل میں لیے گئے طیارے کے مسافر متبادل پروازوں سے آج شام اسلام آباد پہنچیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز پی آئی اے کی جانب سے لیز پر لیے گئے طیارے کا کرایہ نہ بھرنے پر کوالالمپور ایئر پورٹ پر تحویل میں لے لیا گیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے دو طیارے 2015 میں نون لیگ کی حکومت نے لیز پر لئے تھے، طیاروں کی لیز جون میں ختم ہوئی،کورونا کے باعث بروقت اقساط ادا نہیں کی گئی۔

غلام سرور خان نے کہا کہ طیارے سےمتعلق برطانیہ کی عدالت میں ہمارا کیس لگا ہوا ہے،ملائیشن عدالت میں اچانک کیس کرکے ہمارے طیارے کو روک لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ 22 تاریخ کو برطانیہ اور24 تاریخ کو کوالالمپور کی عدالت میں ہمارے وکلاء پیش ہوں گے،ملائیشیا نے ہمیں سنے بغیر فیصلہ کیا اور طیارہ قبضے میں لے لیا۔

وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ نواز ،مریم بیانیے سے اختلاف کرتے ہوئے مسلم لیگ نون لیگ کے کارکن پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔

غلام سرور خان نے کہا کہ رنگ روڈ پراجیکٹ کی منظوری ہوچکی ہے،30جون کوپراجیکٹ کا آغاز ہوگا،وزیراعظم عمران خان اس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ پراجیکٹ میں متاثرہ لوگوں کو مارکیٹ ریٹ پر معاوضہ دیا جائے گا۔

غلام سرور خان نے بتایا کہ 6ارب سےزیادہ کی رقم پنڈی انتظامیہ کو پہنچ چکی ہے، لوگوں کو معاوضے دئے جارہے ہیں،جڑواں شہروں میں پانی کی کمی دور کرنے کیلئے 5 ڈیمز پر کام ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دوچھا اور چھان ڈیمز پر عملی کام شروع ہو چکا ہے،روات کے قریب 7 دیہاتوں میں آج گیس سپلائی کا افتتاح کر رہے ہیں،جبکہ راولپنڈی میں گیس پریشرکی کمی دور کرنے کیلئے لائن بچھائی جارہی ہے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ گیس لائن بچھانے کے کام پر50 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

ان کاکہنا تھا کہ چودھری نثار اپنے حلقے کیلئے حلف نہ اٹھا کر عوامی مینڈیٹ کی توہین کےمرتکب ہو رہے ہیں،انہیں اسمبلی میں جانا چاہیے، نہیں جاتے تو مستعفی ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جوکام چودھری نثاراپنےحلقےمیں 35سالوں میں نہ کرسکےہم 35 ماہ سے پہلے کرکے دکھا رہے ہیں۔

تازہ ترین