• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورون اور نتاشا نے اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان کردیا

سپر ہٹ فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے ہیرو ورون دھون اور اُن کی بچپن کی دوست نتاشا دلال نے اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے نامور اداکار ورون دھون اور نتاشا دلال کی شادی بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر کے’ علی باغ ‘میں 24 جنوری کو ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ورون دھون اور نتاشا دلال کی شادی کی تقریبات کا آغاز 22 جنوری سے ہو گا اور 26 جنوری کو ممبئی میں ان کا گرینڈ ریسیپشن ہو گا جس میں بالی وڈ شخصیات شرکت کریں گی۔

شادی کے موقع پر ورون دھون کی ہونے والی بیوی ڈیزائنر نتاشا دلال اپنا عروسی جوڑا خود ڈیزائن کریں گی جبکہ اداکار ورون دھون کنال راول کا ڈیزائن کردہ لباس پہنیں گے۔

ورون دھون کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ورون اور نتاشا دلال اپنے اہل خانہ کے ہمراہ 22 جنوری کو علی باغ پہنچیں گے۔

اداکار ورون دھون کی شادی کی تقریبات کا آغاز سنگیت نائٹ سے ہوگا ، جس میں سلمان خان، ارجن کپور، سارہ علی خان، ملائیکا اروڑا، جھانوی کپور، کرن جوہر اور دیگر بالی ووڈ شخصیات شرکت کریں گی۔

واضح رہے کہ ورون دھون اور نتاشا دلال اسکول کے دنوں سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور دونوں گزشتہ کئی سال سے ریلیشن میں ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران اداکار ورون دھون نے بتایا کہ میں کلاس 6 میں پہلی بار نتاشا سے ملا تھا۔ 11 ویں یا 12 ویں تک ہم اچھے دوست تھے اور اُس کے بعد ہم کلوز فرینڈز بن گئے۔

تازہ ترین