• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلفٹن میں خاتون کے گیٹ اپ کے شخص کی موت، لاش کو چوہے کاٹتے رہے

کراچی کے علاقے کلفٹن میں خاتون کے گیٹ اپ میں مردہ پائے گئے شخص کی لاش کا پوسٹ مارٹم جناح اسپتال میں کیا جا رہا ہے، ابتدائی تحقیقات کے دوران مذکورہ شخص کے طبی موت مرنے کا شبہ ہے جس کی لاش چوہے کاٹتے رہے۔

بوٹ بیسن پولیس کے مطابق گزشتہ رات ملنے والی لاش جناح اسپتال منتقل کر دی گئی تھی جس کا پوسٹ مارٹم آج سہ پہر تک نہیں ہو سکا تھا۔

پوسٹ مارٹم میں 18 گھنٹے سے زائد وقت کی تاخیر ڈاکٹر کی عدم موجودگی، سامان کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہوئی یا پولیس کی غفلت ہے یہ تعین نہیں ہو سکا۔

پولیس سرجن کراچی ڈاکٹر حامد جیلانی میں نے اس سے پہلے چار بجے بتایا کہ لاش کا ایکسرے کرایا جا رہا ہے، جس سے موت کے سلسلے میں حتمی صورتحال سامنے آئے گی۔

حامد جیلانی کے مطابق لاش کے پاؤں، ہاتھوں اور چہرے پر کسی کے کاٹنے کے کٹ لگے ہوئے ہیں۔

ڈاکٹرز کے مطابق شبہ ہے کہ لاش کو جگہ جگہ سے چوہوں نے کاٹا۔

ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر شیخ کے مطابق جس کمرے سے لاش ملی وہاں پر چوہے بکثرت دیکھے گئے ہیں۔

زبیر نذیر شیخ کے مطابق اپر گزری کا رہائشی 45 سالہ علی زمان بیوی بچوں والا ہے جس کی موت کے بعد اس کا بیٹا تھانے پہنچا ہے اور لاش بھی پوسٹ مارٹم کے بعد اسی کے سپرد کی جا رہی ہے۔

متوفی کے بیٹے کے مطابق ان کے ابو نے دو روز قبل بتایا تھا کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، اس کے بعد وہ رابطے میں نہیں تھے۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق علی زمان خواجہ سرا کے بھیس میں کام کرکے گزر بسر کرتا تھا۔

پولیس سرجن ڈاکٹر حامد جیلانی کے مطابق لاش کے معائنہ کے دوران ہاتھوں اور پاؤں کی انگلیوں کے ناخنوں پر نیل پالش لگی ہوئی تھی جبکہ متوفی نے لپ سٹک بھی لگا رکھی تھی۔

زبیر نذیر شیخ کے مطابق ہلاکت طبعی موت لگتی ہے، مزید صورتحال پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آ سکتی ہے۔

تازہ ترین