• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس بحران میں ملوث لوگ ہی اس کی تحقیقات کرتے پھر رہے ہیں، شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز (پی پی پی پی) کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ  گیس بحران میں ملوث لوگ ہی گیس بحران کی تحقیقات کرتے پھر رہے ہیں۔

پنجاب میں صنعتوں کی گیس بندش پر ردِ عمل دیتے ہوئے شازیہ مری کا کہنا تھا کہ سندھ کے بعد پنجاب کی صنعتوں کی بھی گیس بند کردی گئی۔

سیکریٹری اطلاعات پی پی پی پی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور صنعتوں کی گیس بحال کرے۔

انھوں نے کہا کہ صنعتوں کی گیس بندش سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا، وزیراعظم عمران خان نے قومی ترقی کو اپنی اپوزیشن سمجھ لیا ہے۔

شازیہ مری نے سوال کیا کہ قوم کو بتایا جائے قوم کی گیس سے کس کو نوازا جارہا ہے، نہ گھروں میں نہ صنعتوں میں گیس ہے، آخر گیس کہاں سپلائی کی جارہی ہے؟ 

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ گیس بحران میں ملوث لوگ ہی گیس بحران کی تحقیقات کرتے پھر رہے ہیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ چینی، گندم مافیا کے بعد اس حکومت نے گیس مافیا کو بھی ساتھ ملا لیا۔

لاہور میں گندگی سے متعلق شازیہ مری نے کہا کہ لاہور شہر گندگی اور کچرے کی آماجگاہ بن چکا ہے، بزدار حکومت کی کارکردگی کا اندازہ لاہور میں سڑکوں پر پھیلے کچرے سے لگایا جاسکتا ہے۔

انھوں نے ساتھ میں یہ بھی کہا کہ لاہور کی تعفن زدہ سڑکیں تبدیلی کا ماتم کرتی نظر آرہی ہیں۔

تازہ ترین