ملتان کے نشتر اسپتال میں کورونا وائرس کی مریضہ انتقال کرگئیں۔
فوکل پرسن ڈاکٹر عرفان ارشد کے مطابق کورونا وائرس کی مریضہ گزشتہ کچھ دنوں سے نشتر اسپتال میں زیرِعلاج تھیں۔
ڈاکٹر عرفان ارشد نے بتایا کہ اس وقت نشتراسپتال میں کورونا وائرس کے 35 مریض زیرِعلاج ہیں۔
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 951 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 19 ہزار 291 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 41 ہزار 191 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 73 لاکھ 68 ہزار 622 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 34 ہزار 701 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 373 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 73 ہزار 639 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔