اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) دنیا پیرس معاہدے کے تحت موسمیاتی تبدیلی کی زد میں آنے والے ممالک کی مدد کیلئے کئے گئے وعدوں سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔مختص کی گئی 30 ارب ڈالر کی رقم ترقی پذیر ممالک کی ضروریات سے کہیں کم ہے، 2015 میں کئے گئے پیرس معاہدے میں طے ہوا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے‘ قحط اور سیلاب جیسی آفتوں سے نمٹنے کے لئے غریب ممالک کی استعداد بڑھائی جائے گی۔ اقوام متحدہ کی انوائرمنٹ پروگرام اڈاپٹیشن گیپ رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مختص کی گئی 30 ارب ڈالر کی رقم ترقی پذیر ممالک کی ضروریات سے کہیں کم ہے جو 70 ارب ڈالر بنتی ہے۔ یو این ای پی نے اپیل کی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کیلئے فنڈنگ میں اضافہ کیا جائے اور ایکو سسٹم کی حفاظت کیلئے حل نکالا جائے۔ یو این ای پی کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں سے آنے والی آفتوں کا سب سے زیادہ شکار غریب ممالک ہیں اور فنڈنگ کیلئے کئے جانے والے وعدوں کے باوجود امیر ممالک اپنا ٹارگٹ پورا نہیں کر رہے۔ رپورٹ کے مطابق گرین ہاؤس گیس کے اخراج کو کم کرکے موسمیاتی تبدیلی پر اٹھائے جانے والے خرچ کو کم کیا جاسکتا ہے۔