• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممنوعہ فنڈنگ میں ہمیں پھنسانے والے خود پھنس چکے، آخری پتا کھیلنے جارہے ہیں،دھمکانے کی بھونڈی کوشش ہے، شبلی فراز

ممنوعہ فنڈنگ میں ہمیں پھنسانے والی اپوزیشن خود الیکشن کمیشن میں پھنس چکی ہے،شبلی فراز


اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ میں ہمیں پھنسانے والی اپوزیشن خود الیکشن کمیشن میں پھنس چکی ہے۔

پی ٹی آئی نے اپنے کارکنان اور خیر خواہوں کے نام ‘پتہ ‘شناختی کارڈاور دیگر کوائف کی 40ہزار انٹریز پر مشتمل تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرادی ہیں۔

اپوزیشن کو مشورہ ہے کہ وہ جتھوں کے پیچھے چھپنے کی بجائے خاموشی سے الیکشن کمیشن جاکر اپنی فارن فنڈنگ کی تفصیلات جمع کراآئیںتاکہ عوام کو بھی پتہ چلے نوسربازکون ہیں ‘ پی ڈی ایم ناکام تحریک پر تھیسسز لکھے جائیں گے کہ کیوں یہ تحریک ناکام ہوئی۔

اب یہ الیکشن کمیشن کے سامنے جمع ہوکر آخری پتا کھیلنے جارہے ہیں‘ اپوزیشن کا الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج ایک بھونڈی کوشش ہے، یہ اداروں کو دھمکانا چاہتے ہیں۔

مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی کوشش ہورہی ہے جو کامیاب نہیں ہوگی جبکہ پارلیمانی سیکرٹری ریلوے فرخ حبیب کا کہناتھاکہ یہ کس منہ سے 19جنوری کو احتجاج کررہے ہیں‘ اپوزیشن اس میچ کا کپ لینا چاہتی ہے جو اس نے کھیلا ہی نہیں، اپوزیشن کو بھاگنے نہیں دینگے‘ان کو حساب دینا پڑے گا ۔ 

وہ اتوار کومشترکہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مفاد پرست پارٹیاں اپنے اداروں کے خلاف کھڑی ہوگئی ہیں‘پی ڈی ایم کا پورے ملک کا سفر دیکھ لیا ‘ یہ سفر دھمکیوں پرمبنی تھا ‘ استعفوں سے شروع ہونے والی تحریک ریلیوں تک پہنچ چکی ہے۔

اب پی ڈی ایم کے ایک ہونے پر ٹی وی پروگرام ہورہے ہیں‘پی ڈی ایم ماضی کا حصہ بن چکی ہے ‘ پی ڈی ایم کے محرکین “ تمام پتے کھیل چکے ہیں ‘ ہر محاذ پرانہیں شکست ‘ ہزیمت اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملا ‘ اب ان کے پاس آخری پتہ ہے جو استعمال کرنے جارہے ہیں ‘ ان کا ایجنڈا ہے کہ جھوٹ اتنا بولوکہ سچ لگنا شروع ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس میں بار بار مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو کہہ رہا ہے کہ وہ چندے دینے والوں کی معلومات دیں ‘ جب اپوزیشن سے ادارے جواب مانگیں تو کہتے ہیں کہ وہ بھی چور ہیں ‘اپوزیشن منافقت کررہی ہے ۔ 

فضل الرحمان کہتے ہیں کہ وہ جس ریاست کا حصہ نہ ہوں وہ نامکمل ہے یہ 2021کا لطیفہ ہے ۔ پی ڈی ایم کی تین ماہ کی کارکردگی صفر ہے، بہت جلد اس کے وجود کا بھی خاتمہ ہونے والا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے لئے الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی بنی ہوئی ہے ‘کمیٹی کے متعدد اجلاس ہوچکے ہیں لیکن کوئی ریکارڈ یا ثبوت اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے نہیں رکھا گیا ۔ 

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی بتائے کہ ان کے پارٹی اکائونٹس میں فارن فنڈنگ ہنڈی حوالہ یا منی لانڈرنگ کے ذریعے ہوئی ۔ دونوں پارٹیاں چار سال کے عرصہ میں الیکشن کمیشن کو ریکارڈ جمع نہیں کرارہیں ‘ مسلم لیگ ن نے تو 70کروڑ روپے میڈیا کے نام پر رکھے ہیں ‘بتایا جائے کس اینکر یا میڈیا ہائوس کو یہ پیسے دیئے گئے ہیں ۔

این آر او لینے کے لئے قوم کا 60لاکھ ڈالر مارک سیگل کو دیا گیا یہ آصف زرداری اور بے نظیر کے لابسٹ تھے ۔مسلم لیگ ن یو کے اور یو این میں لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹرڈہیں ‘ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی فارن فنڈنگ پرتھی ۔ان کوراہ فرار اختیار نہیں کرنے دیا جائے گا ۔

تازہ ترین