وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا۔ اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں حکومتی ترجمانوں اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کا اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت ہوا، جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں طے پایا کہ حکومت نے برطانوی نجی کمپنی براڈ شیٹ کے معاملے پر تحقیقات کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس میں تین وفاقی وزراء اور مشیر برائے امور احتساب شامل ہیں۔
عمران خان کی تشکیل کی گئی کمیٹی میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز اور مشیر برائے امور احتساب شہزاد اکبر شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی بنائی گئی یہ کمیٹی 2002ء سے 2018ء تک براڈ شیٹ کے ساتھ معاہدے کا جائزہ لے گی اور اس بات کا تعین کرے گی کہ کس نے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔
دوران اجلاس وزیراعظم عمران خان نے براڈ شیٹ سے اُٹھائے گئے فائدے کو این آر او سے تشبیہ دی۔
اس موقع پر اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے احتجاج اور الیکشن کمیشن میں جاری فارن فنڈنگ کیس کے معاملے پر گفتگو بھی کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم کو پرامن احتجاج کی جازت ہے، جہاں وہ قانون ہاتھ میں لیں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔
دوران اجلاس وزیراعظم نے مذہبی جماعت کے دھرنے اور احتجاج کے معاملے پر علماء سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے اور کہا کہ یہ حساس معاملہ ہے، اس پر علما کو اعتماد میں لیں گے۔