• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبدالحفیظ شیخ نے ڈالر سستا رکھنےکی پالیسی کو ملکی معیشت کیلئے بُرا قرار دیدیا

وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ماضی میں جان بوجھ کر ڈالر سستا رکھنے کی پالیسی کو ملکی معیشت کے لیے بُرا قرار دیدیا ہے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستانی ہر کسی کو جانتے ہیں، اُن پر ہر کسی کا ماضی اور حال واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ حال کو سمجھنےکے لیے ہمیں ماضی میں جانا ہوتا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو ملک کو زبردست اقتصادی بحران کا سامنا تھا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کی بیرونی تجارت میں بحران تھا، پتا نہیں کیوں سابقہ حکومت نے خصوصی پالیسی اپنائی۔


اُن کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومت میں جان بوجھ کر ڈالر سستا رکھنے کی پالیسی رکھی گئی، جس کے ملکی معیشت پر برے اثرات مرتب ہوئے۔

عبدالحفیظ شیخ نے مزید کہا کہ ڈالر سستا رکھنے کے لیے اپنے ڈالرز جھونکنے پڑتے ہیں، جس سے باہر کی چیزیں سستی ہوجاتی ہے اور لوگ انہیں خریدنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر کو سستا رکھنے سے مقامی طور تیار اشیاء کی کھپت رک جاتی ہے، ہماری اپنی اشیاء کی طلب میں کمی آجاتی ہے۔

وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ جب پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 2 ارب ڈالر سے بھی کم تھے۔

اُن کا کہنا تھا کہ امپورٹ اور ایکسپورٹ کے درمیان فرق 32 ارب ڈالر کا ہوگیا تھا، ایکسپورٹ بڑھنے کی رفتار صفر سے کم ہو گئی تھی۔

تازہ ترین