لاہور ( نمائندہ خصوصی)میر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی ملک کوایڈہاک بنیادوں پر چلا رہی ہے پی ٹی آئی نے تعلیمی نظام کے بعد ہیلتھ سیکٹر کو بھی بربادی کے دہانے پر پہنچا دیا ۔ مشیر درآمد ہو رہے ہیں ۔ ہسپتالوں میں ٹھیکیداری نظام مسلط کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ وزیراعظم کے تبدیلی کے نعرے کھوکھلے ثابت ہوئے اور صرف قوم کاوقت ضائع کیا گیا ۔ بند کمروں میں عوام کی قسمت کے فیصلوں اور ایک یرغمال سیاسی نظام کے تحت جمہوریت کبھی مضبوط نہیں ہوسکتی ۔ فیصلہ کرناہوگاکہ ملک آئی ایم ایف کا ہے یا بائیس کروڑ عوام کا ۔ مایوسی اور اندھیروں سے نکلناہوگا ۔ انقلابی جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد ڈی چوک میں پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی جانب سے کئے گئے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ تعلیمی نظام کی تباہی کے بعد پی ٹی آئی نے ہیلتھ سیکٹر کو بھی بربادی کے دہانے پر پہنچا دیا ۔ ہسپتالوں میں غریب عوام کے لیے ڈسپرین کی گولی تک میسر نہیں ۔ پی ٹی آئی کے کے پی میں ہیلتھ ریفارمز لانے کے دعوے فریب ثابت ہوئے اب وہ پورے ملک کے بچے کھچے نظام کو بھی تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔مشیر درآمد ہورہے ہیں ۔قوم کو کچھ معلوم نہیں کہ ان کی تقدیر کے فیصلے کہاںپر لکھے جارہے ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک پر آزادی کے بعد سے ایک ایسا طبقہ مسلط ہے جس نے عوامی فلاح و بہبود اور اداروں کے استحکام کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے، عوام نے مارشل لاز اور جمہوری حکومتوں کے ادوار کو بخوبی دیکھ لیاہے ۔پی ٹی آئی کی حکومت تعلیم ، صحت ، خارجہ ، داخلہ محاذوں پر بری طرح ناکام ہو گئی ہے ۔ وزیراعظم نے ملک کو مدینہ کی ریاست میں تبدیل کرنے کے دعوے کیے لیکن آج لاکھوں بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ کروڑوں لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ۔ انصاف اور احتساب کے وعدے فریب ثابت ہوئے ۔ حکومت ہر شعبہ میں بہتری لانے میں ناکام ثابت ہوئی بلکہ اس نے اداروں کو مزید متنازعہ بنا کر کمزور کیا ۔ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے لئے گئے ۔ مہنگائی و بے روزگار ی کے ریکارڈ قائم ہوئے ۔ پڑھے لکھے نوجوان اپنی ڈگریاں جلا کر چوکوں میں مزدوری کے انتظار میں بیٹھے ہیں ، لنگر خانوں کے باہر لائنیں لگی ہیں ۔ گزشتہ ڈھائی برسوں میں لاکھوں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے، جماعت اسلامی عوام کے چہروں پر مسکراہٹیں دیکھنا چاہتی ہے ۔ مایوسی اور اندھیروں سے نکلنا ہوگا ۔ ملک کو پٹڑی پر چڑھانے کے لیے ایک انقلابی جدوجہد کی ضرورت ہے،جماعت اسلامی نے اسلامی پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے تحریک کاآغاز پہلے ہی کردیاہے ۔ آنے والے دنوں میں پنجاب میں تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا ۔ سرگودہا میں جلد بڑا جلسہ کریں گے ۔