• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تابش خان نیشنل اسٹیڈیم میں ڈیبیو کرنے کے خواہشمند

پہلی مرتبہ قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا حصہ بننے والے فاسٹ بولر تابش خان کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچز کا ڈیبیو کرنا ان کا خواب ہے۔ 

دورہ جنوبی افریقا کے لیے تابش خان کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جس سے متعلق اپنے جذبات کا اظہار انھوں نے آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ 

تابش خان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں سلیکشن کے وقت جو جذبات تھے وہ الفاظ میں بیان نہیں کر پاؤں گا۔

انھوں نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں تھا، دوست نے فون کیا تو لگا مذاق کر رہا ہے، جو نہی میرا نام ٹی وی پر آیا تو گھر والے بھی کافی جذباتی ہوگئے تھے۔ 

تابش خان نے کہا کہ اگر نیشنل اسٹیڈیم میں ڈیبیو ہوا تو خوابوں کو تعبیر مل جائے گی، کوشش کروں گا اگر موقع ملے تو اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلوں۔


ان کا کہنا تھا کہ ان پر کسی طرح کا دباؤ نہیں ہے، وہ 18 سال سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور جانتے ہیں کہ کیا کرنا ہے۔ 

اپنی عمر پر اٹھنے والے سوالات کا جواب دیتے ہوئے تابش نے کہا کہ اگر فارم اور فٹنس ہو تو پلیئر کی عمر سے کچھ فرق نہیں پڑتا۔

انھوں نے کہا کہ اگر آپ 150 کی اسپیڈ سے بھی گیند کرکے وکٹ نہ لیں تو کوئی فائدہ نہیں ہے، نارمل پیس سے گیند کرکے اچھی سوئنگ کر کے وکٹ لے تو وہ بھی اچھا ہے۔

تابش کا کہنا تھا کہ ریڈ بال کرکٹ میں میرا فوکس اسپیڈ سے زیادہ موومنٹ پر ہوتا ہے، یہاں کی کنڈیشنز کا بھی اندازہ ہے۔

لمبے عرصے کے بعد ٹیم میں نام آنے پر تابش نے کہا کہ مجھے یقین تھا کہ کبھی نا کبھی موقع ضرور ملے گا، ماضی میں جو ہوا اسے فراموش کرکے آگے بڑھنا ہے۔

تازہ ترین