• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں آج سے کرسٹوف نامی طوفان کی وارننگ جاری

ہیلی فیکسں(نمائندہ جنگ)میٹ آفس نے آئندہ چند دنوں کیلئے شمالی برطانیہ کے شہروں میں شدیدطوفانی بارشوں کے ساتھ برفباری کی وارننگ جاری کر دی ہے ۔میٹ آفس کے مطابق اسے طوفان کرسٹوف کا نام دیا گیا ہے ، یہ آج بدھ سے شروع ہو گا، جس سے جمعرات کو تیز بارش اور سیلاب کا امکان ہے۔ میٹ آفس نے پیش گوئی کی ہے کہ یہ طوفان کل سے شروع ہوگا اور جمعرات کو مزید برفباری کے ساتھ ساتھ ، 36 گھنٹوں میں دو ماہ کی بارش بھی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ شدید بارش اور برفباری کے باعث آنے والے دنوں میں سیلاب اور سڑکوں کے بند ہونے کا امکان ہے اور یہ انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے۔میٹ آفس کے مطابق اس طوفانی بارش اور خراب موسم سے شمالی برطاینہ کے شہروں ہڈرزفیلڈ ،ہیلی فیکس،بریڈفورڈ ،لیڈز اور نارتھ یارکشائر کے دیگر شہر بھی متاثر ہو سکتے ہیں ۔ہیلی فیکس سے رکن پارلمنٹ ہولی لنچ سمیت نارتھ یارکشائر کے ممبران پارلیمنٹ نے حکومت کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر کوبرا اجلاس طلب کریں اور ان کے انتخابی حلقوں کو کسی بڑی تباہی سے بچانے کیلئے پیشگی خصوصی اقدامات کئے جائیں، انہوں نے اپنے خط میں کہا ہے کہ طوفان سے زندگیوں کو خطرے کا امکان ہے ۔سیکرٹری ماحولیات جارج ایوسٹس کو لکھے گئے خط میں لیبر اراکین پارلمینٹ نے کہا ہے کہ ملک کے متعدد حصوں کی طرح ہمارے علاقوں کو بھی شدید برفباری اور بارش سے بڑے پیمانے پر تباہی کا خطرہ ہے۔
تازہ ترین