راولپنڈی (نمائندہ جنگ)پی ڈی ایم کی کال پر الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کیلئے راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) سمیت پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں طاقت کا مظاہرہ کرنے میں ناکام ہو گئیں۔ راولپنڈی کی سیاسی قیادت عوام تو درکنار اپنے کارکنوں کو بھی سڑکوں پر نہ لاسکی۔
الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج میں شامل ہونے کیلئے مسلم لیگ (ن) نے پبلک پارک شمس آباد اور جے یو آئی (ف)نے لیاقت باغ میں کارکنان کو جمع ہونے کی کال دی تھی جبکہ پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کی جانب سے اپنے کارکنوں کیلئے کوئی پوائنٹ مختص نہیں کیا تھا۔
پبلک پارک کے باہر مسلم لیگ (ن )کی ریلی کی قیادت مریم اورنگزیب ، رانا ثنا ء اللہ اور سینیٹر ڈاکٹر مصدق نے کرنا تھی جہاں سے اجتماعی ریلی نے سرینہ چوک میں مرکزی ریلی میں شامل ہونا تھا تاہم راولپنڈی میں سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم،سابق اراکین پارلیمنٹ و قومی اسمبلی کے سابق امیدواران ملک ابرار ،حاجی پرویز ،سجاد خان ،دانیال تنویر چوہدری، ملک افتخار ،راجہ حنیف ، ضیاء اللہ شاہ ،ملک رضا،بیگم زیب النسا اعوان ،طاہرہ اورنگزیب سمیت دیگر شخصیات اور پارٹی عہدیداران مل کر بھی بمشکل1500کے لگ بھگ مردو خواتین کو جمع نہ کر سکے۔