ملتان(سٹاف رپورٹر) معاون خصوصی برائے سیاسی امور ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ شہر کی تعمیر و ترقی میری اولین ترجیحات ہیں، گذشتہ دو سالوں میں اپنے حلقے سمیت ملتان شہر کیلئے بے شمار ترقیاتی منصوبہ جات تشکیل دیئے جن پر کام کا آغاز ہوچکا ہے اور کچھ منصوبے ابھی پائپ لائن میں ہیں جن کے شروع ہوتے ہی ملتان شہر میں ایک واضح تبدیلی نظر آئے گی ۔ملتان کی تعمیر وترقی، عوام کی فلاح و بہبود اور بے لوث خدمت میرے خون میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیلٹر ہوم دارالامان کے چیرمین شاہد محمود انصاری اور وائس چیرمین ایم ڈی اے اشرف ناصر خان سے ملاقات کے موقع پر کیا، انہوں نے مزید کہا کہ میرے والد سینیٹر ملک صلاح الدین ڈوگر مرحوم نے اپنی زندگی میں ملتان کی تعمیر وترقی کے ناقابل فراموش ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا اور آج میں بھی ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے خدمتِ خلق کے جذبے پر گامزن ہوں۔