• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان یکم مئی سے ای پاسپورٹ کا آغاز کر رہا ہے، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ  پاکستان یکم مئی سے ای پاسپورٹ کا آغاز کر رہا ہے، ای پاسپورٹ سے انسانی اسمگلنگ روکنے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے آسٹریلیا کے پاکستان میں ہائی کمشنر جیفری شاؤ نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ 

دونوں کے درمیان بارڈر مینجمنٹ کو بہتر بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ وارانہ صلاحیت بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ 

اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان نے وزارت داخلہ میں بارڈر مینیجمنٹ ونگ قائم کردیا ہے، انسانی اسمگلنگ اور مصنوعات کی غیرقانونی نقل وحمل روکنے کے حوالے سے جامع اقدامات کر رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ پاکستان یکم مئی سے ای پاسپورٹ کا آغاز کر رہا ہے، ای پاسپورٹ سے انسانی اسمگلنگ روکنے میں مدد ملے گی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ای ویزا کا آغاز یکم جنوری سے کیا جاچکا ہے جس کے تحت 191 ممالک کے شہریوں کو آن لائن ویزا دے رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ افغانستان سے سب سے زیادہ درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔

وزیر داخلہ نے زور دیا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان بین الاقوامی جرائم کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کو بارڈر مینجمنٹ کو بہتر کرنے کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔

انھوں نے کورونا کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے پر پاکستان کی تعریف بھی کی۔

تازہ ترین