بلوچستان میں کورونا وائرس نے ایک اور مریض کی جان لے لی، اس طرح صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 192 ہو گئی۔ صوبے کےچھ اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے تیس نئے مریض سامنے آگئے جبکہ کورونا میں مبتلا 42 مریض صحت یاب ہوئے۔
محکمہ صحت بلوچستان کی جاری رپورٹ کے مطابق بدھ کو صوبے میں 584 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔ جسکے نتیجے میں صوبے کے 6 اضلاع سے 30 نئے کیسز سامنے آئے۔ ان میں سب سے زیادہ 10کورونا کیسز کوئٹہ سے رپورٹ ہوئے۔
چاغی سے سات، کیچ سے چھ، لسبیلہ، ڈیرہ بگٹی سے تین تین، نوشکی سے ایک کیس سامنے آیا۔ جس کے بعد صوبے میں ابتک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 670 ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا 42 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 161 ہوگئی۔
اس دوران کورونا میں مبتلا ایک اور مریض کے انتقال کرجانے سے صوبے میں کورونا سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 192ہوگئی۔
محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کی تشخص کیلئے 185 ٹیسٹ کئے گئے۔ اس دوران کورونا کے10 مریض سامنے آئے ،کوئٹہ میں آج کورونا کی شر ح 5.4 فیصد رہی۔