• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے ”خبرناک“ کی آج سے نئی شروعات میزبانی ارشاد بھٹی اور علی میر کرینگے

کراچی (محمد ناصر) انتظار کی گھڑیاں ختم اور مسکراہٹوں کے دِن شروع ہوگئے!!۔پاکستان سمیت دُنیا بھر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑھنے والا ”جیونیوز“ کا دلچسپ ترین شو ”خبرناک“ جمعرات سے ایک نئے انداز میں اپنی نئی شروعات کررہا ہے۔ یہ پروگرام اب نئے میزبان اور منفرد موضوعات کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔ اس بار معروف صحافی، کالم نگار اور سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی ایک نئے روپ میں نظر آئیں گے جو اپنے منفرد انداز کے ذریعے لفظوں کے تیر چلا ئیں گے۔ دوسری طرف معروف آرٹسٹ علی میر مختلف روپ اپنا کر کھٹی میٹھی باتوں سے ٹھنڈک کا احساس جگائیں گے۔ ”ارشاد بھٹی“کی سیاسی معاملات پر گرفت، اُن کی معلومات، منفرد انداز و بیاں، تجزیہ اور تحریر یقینا دیکھنے اور سننے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے۔ توقع ہے کہ ارشاد بھٹی کا میزبان کے روپ میں نیا جلوہ بھی لوگوں کے دِل جیت لے گا۔ دوسری جانب شو کے کو ہوسٹ ”علی میر“ جو اب تک تمام ہی چھوٹے اور بڑے سیاسی و غیر سیاسی لیڈران کے روپ اپنا کر دُنیا بھر سے داد سمیٹ چکے ہیں ایک بار پھر ناظرین کو ہنسا ہنسا کر لوٹ پوٹ کردیں گے۔ میزبانوں کی یہ نئی جوڑی دِن بھر کی تازہ ترین خبروں کو منفرد انداز میں پیش کرکے عوام کو تازہ دم کردے گی۔ اس بار ”خبرناک“ کا نیا انداز ناظرین کو ایسی نئی دُنیا میں لے جائے گا جہاں بڑی بڑی شخصیات، بڑی بڑی خبریں اور بڑے بڑے چٹکلے دیکھنے اور سننے کو ملیں گے۔ اس شو کے ذریعے اہل خانہ کو ہر پل پر مسکرانے کا موقع ملے گا۔ نئے ”خبرناک“ کی چند جھلکیوں نے اس کی مقبولیت کی رفتار کو پہلے ہی بہت بڑھا دیا ہے۔ اس پروگرام میں سیاسی اور سماجی شخصیات کو بھی خصوصی دعوت دی جائے گی، پاکستانی ٹیلنٹ کو بھی دُنیا کے سامنے لایا جائے گا، سیاسی معاملات بھی زیر بحث ہوں گے، آرٹسٹوں کی پرفارمنس کے ساتھ گلوکار بھی اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ بھانڈوں کی جگتیں بھی سیاسی اعمال ناموں کو تنقید کا نشانہ بنا کر اُن پر خوب نشتر چلائیں گی۔ شو کے دوران ہونے والی چلبلی اور چٹپٹی گفتگو ہر ایک کو اپنا دیوانہ بنائے گی۔ خبرناک کی شروعات دیکھنے کیلئے وہ ناظرین بھی تیار ہو جائیں جن کے ”دانت“ نہیں ہیں کیونکہ اس بار اُنہیں بہت کچھ سیکھنے، سمجھنے اور کھلکھلا کر ہنسنے کا بھر پور موقع ملے گا۔ یاد رہے کہ ”خبرناک“ آج طنز و مزاح کی دُنیا میں اپنی منفرد پہچان بنا چکا ہے کہا جاتا ہے اس کہ اس شو نے تھیٹر کی کمی کو پورا کردیا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے دُنیا بھر کے ناظرین کو مسکرانے کے ساتھ سیاست اور معاشرت سمیت کئی اہم موضوعات پر ہلکے پھلکے اور مزاحیہ انداز میں بہترین اور اصلاحی معلومات دی جاتی ہیں جس کی وجہ سے بچہ ہویا بڑا، عورت ہو یا مرد ہر فرد اس شو کو دیکھنے کا بے چینی سے منتظر رہتا ہے۔ یہ شو ناظرین کو اس قدر پسند ہے کہ مہمان اور میزبان پرلطف باتوں کے حسین امتزاج سے شگوفے بکھر جاتے ہیں۔ نت نئی خبروں، علم و کمال، ہنسی مذاق، قہقہوں کی برسات، فقروں کی چستی، مزاح کے رنگ اور سیاسی آگاہی پر مشتمل یہ سپر ہٹ شو صرف ملک میں ہی نہیں بلکہ بیرون ملک بھی بے حد ذوق و شوق سے دیکھا جاتا ہے۔ ٹیلی ویژن کے ساتھ یوٹیوب پر بھی ”خبرناک“ کی مقبولیت عروج پر ہے۔ اس پروگرام کو عالمی سطح پر کئی ایوارڈ اور اعزازات بھی حاصل ہوچکے ہیں۔ نئے میزبان کے ساتھ، چلبلی شرارتوں، منفرد جگتوں اور ہنسی کا طوفان لئے ”خبرناک“ کا نیا انداز سب کے دِل موہ لے گا۔ پروگرام ہر جمعرات تا اتوار شب11 بجکر 5 منٹ پر ”جیونیوز“ سےنشر کیا جائے گا۔

تازہ ترین