امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 68 سال گزر گئے جمہوریت اوراحتساب کے نام پر دھوکا ہوا ہے ،عوام مزید دھوکے میں نا آئیں ،پاناما لیکس نے حکمرانوں کا پردہ فاش کر دیا،کمیشن کے ٹی او آر پر تمام جماعتوں کو تحفظات ہیں۔
جماعت اسلامی نے لاہور کے مال روڈ پر کرپشن فری پاکستان کے حوالےسے دھرنا دیا۔ اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا اس نظام میں غریبوں کے لیے کچھ نہیں، 20 کروڑ عوام معاشی دہشتگردی کا شکار ہیں، کرپشن پر بھی کمیشن بنایا جائے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ شریف فیملی کی جدہ اسٹیل مل منافع میں ہے اور یہاں اسٹیل مل گھاٹے میں کیوں ہے، حکمران کماتے پاکستان سے ہیں اور لگاتے پاناما میں ہیں، اگرحکومت کی کرپشن پر ہاتھ ڈالو تو جمہوریت ڈی ریل ہو جاتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے خود کو اور اپنی ٹیم کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہوئے یکم مئی سےکرپشن کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔