• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ اے کا ملتان میں فلاور فیسٹیول کے انعقاد کا فیصلہ

ملتان (سٹاف رپورٹر ) شہر اولیاءکے باسیوں کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ اے نے فلاور فیسٹیول کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت عید گاہ کے قریب واقع زکریا پارک میں پھول رنگ و خوشبو بکھیریں گے جب کہ رنگ و نور کا میلہ موسم بہار میں اپنا رنگ جمائے گا۔ فلاور فیسٹیول کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں کیا گیا ہے،اس موقع پر پی ٹی آئی کے ضلعی صدر خالد جاوید وڑائچ بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے کہا کہ کورونا وباءکے اس گھٹن زدہ ماحول میں فلاور فیسٹیول شہریوں کے لئے تازہ ہوا کے جھونکے سے کم نہیں، عامر خٹک نے کہا کہ فلاور فیسٹیول اوپن جگہ پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ضلعی انتظامیہ پھولوں کی نمائش کے لئے پی ایچ اے کو تمام سپورٹ فراہم کرے گی،چونگی نمبر9 سے عیدگاہ تک شاہراہ کو سجایا جائے گا،زکریا پارک کے دونوں اطراف میں سڑکیں پارکنگ کے لئے مختص کی جائیں گی جب کہ فلاور فیسٹیول کے موقع پر کھانے پینے کے سٹال بھی لگائے جائیں گے،سٹالز پر ملتان کے روایتی کھانے پیش کئے جائیں گے اور فیملیز کو تفریح کے لئے پرامن ماحول فراہم کیا جائے گا۔ اعجاز جنجوعہ نے کہا کہ پی ایچ اے پھولوں کی نمائش کے لئے مکمل تیاری کررہی ہے،نمائش میں سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں،کالجز اور اداروں کو بھی دعوت دی جائے گی، فلاور فیسٹیول کے موقع پر وسیب سے تعلق رکھنے والے گلوکار رس بکھیریں گے۔
تازہ ترین