• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائیکورٹ: کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب

سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ سمیت شہریوں کو سفری سہولیات کے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے، وفاقی حکومت نے عدالت میں جواب جمع کرادیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں کراچی کے شہریوں کو سفری سہولیات کی کمی کے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت وفاقی حکومت نے جواب جمع کرادیا، حکومت سندھ نے جواب کے لئے مہلت طلب کی، عدالت نے سندھ حکومت کو شہر میں جاری منصوبے اور ان کی تکمیل کے متعلق تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جواب میں کہا گیا ہے شہر میں جاری گرین لائن پروجیکٹ کا مارچ 2021 میں افتتاح کردیا جائے گا۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ اس وقت گرین لائن پروجیکٹ کا پہلا فیز مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے فیز میں سول ورک کا کام جاری ہے، منصوبے پر لاگت 24 ارب روپے سے زائد ہے، دس ارب کی رقم ابھی سندھ حکومت کو منتقل کرنی ہے، گرین لائن منصوبہ کراچی کے شہریوں کو سفر کی جدید سہولیات میسر ہوں گی۔


عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 23 فروری تک ملتوی کردی۔

درخواست گزار کا کہنا تھا سندھ حکومت نے شہید بے نظیر بھٹو اسکیم کے تحت 600 بسوں کا منصوبہ ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا ہے۔

گذشتہ سال حکومت کی نااہلی سے 292 بسوں کے روٹس بند کردیے گئے ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم فراہمی سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

تازہ ترین