• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارن فنڈنگ کیس، اپوزیشن نے وزیراعظم کا چیلنج قبول کرلیا

فارن فنڈنگ کیس، اپوزیشن نے وزیراعظم کا چیلنج قبول کرلیا


لاہور(نمائندہ جنگ،آئی این پی) فارن فنڈنگ کیس کی لا ئیو کوریج کے حوالے سے ن لیگ،PPنے وزیراعظم کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران صاحب فارن فنڈنگ کیس کو کیمروں کے سامنے چلانے کے لئے الیکشن کمیشن میں آپ کی درخواست اور حکم کا انتظار ہو رہا ہے ہم فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کی براہ راست کوریج کیلئے تیار ہیں۔ 

پیپلزپارٹی کےترجمان نے کہا ہے کہ عمران خان نےجوچیلنج دیااب اس پرقائم رہیں یوٹرن نہ لیں، الیکشن کمیشن روزانہ کیس کی سماعت کرے اور کرپشن کےتمام ریفرنسزکی بھی براہ راست کوریج کی جائے جبکہ نیب تحویل میں اپوزیشن قائدین کی انکوائریز اور احتساب عدالتوں میں مقدمات کی سماعت لائیونشرکی جائے۔

دریں اثناء صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو اب براہ راست کوریج کا یاد آیا، یہ شوق بھی پورا کر لیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ احتسابی عمل ایکسپوز ہو چکا ہے۔ احتساب صرف اپوزیشن کیلئے ہے۔ چھ سال سے عمران خان سٹے آرڈر کے پیچھے چھپے ہوئے تھے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے خلاف درخواست کاؤنٹر کرنے کیلئے ہے۔ 

قوم دیکھ رہی ہے کہ الیکشن کمیشن کیا کرتا ہے۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ براہ راست کوریج کا چیلنج قبول ہے، عمران صاحب آپ کی چوری پر امریکہ میں بھی تلاشی شروع ہوچکی ہے۔

عمران صاحب 24گھنٹے گزر چکے ہیں، ابھی تک آپ نے الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس کا ریکارڈ اوپن کرنے کی درخواست نہیں کی ، صبح ہو چکی ہے، الیکشن کمیشن میں فوری درخواست دیں کہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت فوری اوپن کی جائے عمران صاحب عوام انتظار کر رہے ہیں، آپ کب اپنے اعلان پر عمل کریں گے؟ 

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب فارن فنڈنگ کیس میں میڈیا کی کوریج پر عائد پابندی آج ختم کرائیں، عمران صاحب فارن فنڈنگ کیس میں 23پکڑے جانے والے خفیہ اکاونٹس عوام کے سامنے لانے کا آج حکم جاری کریں، عمران صاحب فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی خفیہ نہ رکھنے کی درخواست دائر کریں۔

تازہ ترین