کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ اور دیگر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے سربراہ جے آئی ٹی آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ لاپتہ شہری کی والدہ کی کمرہ عدالت میں آہ و بکا، لاپتا شہری کی والدہ نے کہا کہ 6 ماہ قبل سادہ لباس افراد گھر میں گھسے۔ کہا کہ بیٹے کو تفتیش کے لیے لے جارہے ہیں۔ 6 ماہ ہوگئے ہیں بیٹے سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی کیا؟ بیٹے کی تلاش میں تھانے گئی عدالت کے چکر کاٹے۔ میں خود بیمار ہوں بیٹے کو کہاں تلاش کروں۔ مجھ کینسر کی مریض کو بیٹا نہ ملا تو مر جائوں گی۔