ترجمان بلاول ہاؤس کی جانب سے بختاور بھٹو زرداری کی شادی میں ایک ہزار مہمانوں کو مدعو کرنے کے حوالے سے خبر کی تردید کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ شادی میں ہزار نہیں بلکہ 300 سے کم افراد مدعو ہیں۔
ترجمان بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ بختاور بھٹو زرداری کی شادی میں 300 سے کم مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق مہمانوں کی تعداد کے حوالے سے ترجمان سے منسوب افواہوں پر مبنی بیان بغیر تصدیق کے نشر کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی تاریخ اور تقریبات کا باضابطہ اعلان کیا گیا تھا۔
ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق بلاول ہاؤس میں بختاور بھٹو کی شادی کے سلسلے میں 24جنوری کو محفل میلاد منعقد ہوگی، مہندی کی سادہ تقریب 27جنوری کو ہوگی۔
بختاور بھٹو کے محمود چوہدری سے نکاح کی تقریب 29 جنوری کو منعقد کی جائے گی جبکہ ’بارات‘ کی تقریب 30 جنوری کو ہوگی۔
یاد رہے کہ بختاور بھٹو زرداری نے گزشتہ برس 27 نومبر کو پاکستانی نژاد دبئی کے کاروباری شخص محمود چوہدری سے منگنی کی تھی۔
منگنی کی تقریب بلاول ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی تھی، جس میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد اور انتہائی اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔
اپنے خاندان میں چند دہائیوں بعد آنے والے خوشی کے پہلے موقع کی تقریب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور بختاور بھٹو کے بھائی بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث شرکت نہیں کی تھی۔